جناح ہسپتال میں خاتون اور نومولود کی مبینہ ہلاکت، تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم
کراچی کے جناح ہسپتال میں مبینہ طور پر بیڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث خاتون اور اس کے نومولود بچے کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کو طبی مسئلے کے باعث گائنی وارڈ سے گیسٹرو وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس نے بچے کو جنم دیا۔ بعد ازاں خاتون اور نومولود دونوں انتقال کرگئے۔
گیسٹرو وارڈ کے ڈاکٹروں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ گائنی وارڈ میں بیڈ دستیاب ہونے کے باوجود خاتون کو وہاں منتقل نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں صورتحال مزید سنگین ہوئی۔
تاہم ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ خاتون کو گیسٹرو سے متعلق شکایت کے باعث گائنی وارڈ سے دوسرے وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔
جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان نے تصدیق کی کہ واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جو تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔