نوشہروفیروز میں بچوں کے لیے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز
نوشہروفیروز کے مٹھیانی ماڈل سیکنڈری اسکول میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے بوسٹر ڈوز مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد مستقیم قریشی اور اسسٹنٹ کمشنر (یو ٹی) علیزا رانا نے کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں جاری مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی اضافی ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔
افتتاحی موقع پر انتظامی افسران نے والدین اور شہریوں کو پولیو سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسینیشن کی اہمیت سے آگاہ کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے اور بوسٹر ڈوز ضرور دلوائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حفاظتی مہمات اور دیگر ضروری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ شہریوں کے تعاون سے موجودہ مہم کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جائے گی۔