فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پہلے مرحلے کے تحت فیسکو، گیپکو اور آئیسکو سمیت تین ڈسکوز کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ متعلقہ ڈسکوز کے اثاثے حکومت کی ملکیت پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے۔ تنظیم نو کے عمل کو اسکیم آف ارینجمنٹ کے تحت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تنظیم نو کی اسکیم باقاعدہ طور پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری اور تنظیم نو سے بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لانے، صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے اور اداروں کے مالی نقصانات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر محمد علی اور وزیر مملکت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔