طلال چوہدری: عمران خان کی طبیعت بہتر ہے، ہمدردی کارڈ نہیں چلے گا
وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبیعت ٹھیک ہے اور انہیں کسی فوری طبی تشویش کا سامنا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی بہن طبی معاملے کو بنیاد بنا کر کسی سیاسی رعایت یا این آر او کی امید رکھتی ہیں تو یہ ان کی اپنی توقع ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا اڈیالہ جیل میں باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور ضرورت پیش آنے پر انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے لیے کسی عدالتی حکم کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزیر مملکت نے توہین عدالت کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق عدالت کی توہین ان افراد نے کی جو اسپتال کے باہر جمع ہوکر سیاسی سرگرمیاں کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض حلقے عمران خان کی صحت کے معاملے کو ہمدردی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم موجودہ عدالتی نظام کسی سیاسی مقصد یا ’’جوڈیشل این آر او‘‘ کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ مخالفین اپنی سیاسی توقعات یا مطالبات کا اظہار کرنے میں آزاد ہیں، لیکن حکومت ایسے بیانات سے متاثر نہیں ہوگی اور معاملات قانون و ضابطے کے مطابق ہی آگے بڑھائے جائیں گے۔