راولپنڈی اور اسلام آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارش متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
پیشگوئی کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے کم سطح والے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کی بھی نشاندہی کی ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں اور گلگت بلتستان میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور ممکنہ بارش و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔