پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا بڑا اعلان، 12 ربیع الاول کے بعد شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی جدوجہد آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹا اور چینی کے حوالے سے موجود مافیا کے خاتمے کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ممکن نہیں۔ ان کے مطابق کسانوں کو بھی مہنگی کھاد کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سرکاری اخراجات میں غیر ضروری سہولیات عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد احتجاج کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مذاکرات صرف دھرنا ختم کرنے کی یقین دہانی پر نہیں ہوں گے بلکہ احتجاج اسی وقت ختم کیا جائے گا جب حکومت جماعت اسلامی کے مطالبات پر عملی پیش رفت کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کو محض وعدوں کے بجائے پیٹرولیم لیوی اور قیمتوں کے معاملے پر قابلِ عمل اقدامات کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنے دے رکھے ہیں، جو اب آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں۔