فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران جائیں گے، اہم ملاقاتیں متوقع

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو ایران کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی اہم ایرانی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے دوطرفہ روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے معاملات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے بھی اہم امور زیر غور آئیں گے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اب بھی کئی محاذوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق ملک معاشی دباؤ کے ساتھ ساتھ فوجی اور سکیورٹی چیلنجز سے بھی نمٹ رہا ہے، تاہم ایران امریکی پابندیوں کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

ایرانی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو کمزور اور عدم استحکام کا شکار بنانے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق مخالف قوتوں کی خواہش تھی کہ ایران شدید نقصان سے دوچار ہو، لیکن ملک نے مضبوط اتحاد اور استقامت کے ذریعے اپنے آپ کو سنبھالا۔

مسعود پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حالات کے باعث عوام کو درپیش مشکلات میں جلد کمی آئے گی اور ملک مزید مضبوط ہوکر ابھرے گا۔