آزاد کشمیر میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، بلاول بھٹو کا اظہار افسوس
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اپنے عزیزوں سے محروم ہونے والے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ متاثرہ افراد کو فوری امداد، ریسکیو سہولت، عارضی رہائش اور ضروری طبی خدمات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جاسکے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں پر بھی زور دیا کہ وہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔