بیرسٹر گوہر: عمران خان نے سہیل آفریدی کے خلاف کوئی بات نہیں کی

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف کوئی گفتگو نہیں کی۔

ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے نورین نیازی سے رابطہ کیا تھا۔ ان کے مطابق نورین نیازی نے ملاقات سے متعلق تفصیلات میڈیا کے سامنے بیان نہ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم وہ اپنے بھائی سے ملاقات پر خوش تھیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی بہن کے درمیان ہونے والی ملاقات کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کی جاسکتیں، تاہم وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی جانب سے پارٹی قیادت سے ناراضی یا اختلافات کا بھی کوئی اظہار نہیں کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عمران خان سے منسوب غیر مصدقہ اور من گھڑت بیانات پھیلانے سے گریز کریں اور صرف مستند معلومات پر بھروسا کریں۔