شہباز شریف کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر مشاورت
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں جاتی امرا کے مقام پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی۔ اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، اہم حکومتی معاملات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے مختلف ممکنہ امیدواروں کے نام بھی زیرِ غور آئے۔ دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں نئی قیادت کے انتخاب سے متعلق مزید مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔