مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں تاریخی محل خرید لیا

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں 19ویں صدی سے تعلق رکھنے والی ایک تاریخی رہائش گاہ خرید لی ہے، جس کے ساتھ وسیع رقبے پر مشتمل سینکڑوں ایکڑ اراضی بھی شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق زکربرگ نے محل کے ساتھ تقریباً 440 ایکڑ زمین بھی حاصل کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پوری جائیداد کی خریداری پر تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک رقم خرچ کی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 ارب 38 کروڑ سے 9 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

میٹا کے ترجمان کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کا خاندان اس تاریخی پراپرٹی کی دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ زکربرگ آئرلینڈ میں مزید وقت گزارنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جہاں میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی موجود ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جائیداد زکربرگ نے ایک ایسے سرمایہ کار سے خریدی ہے جو گزشتہ 25 سال سے اپنے خاندان کے ساتھ اسی مقام پر رہائش پذیر تھا۔

زکربرگ کی نئی رہائش گاہ ڈبلن میں واقع میٹا کے بین الاقوامی دفتر سے زیادہ فاصلے پر نہیں۔ کمپنی نے 2017 میں ڈبلن میں تقریباً 31 ہزار مربع فٹ رقبے پر ایک ڈیٹا سینٹر بھی قائم کیا تھا، جو اس تاریخی جائیداد سے تقریباً 20 منٹ کی ڈرائیو پر واقع بتایا جاتا ہے۔