ٹرمپ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر دوبارہ حملے کا عندیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مستقبل قریب میں ایران کے کوہ کلنگ گزلا میں موجود تنصیبات کو ہدف بنا سکتا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق کوہ کلنگ گزلا میں دو انتہائی محفوظ زیرِ زمین سرنگوں کے کمپلیکس موجود ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کو امریکا کے لیے زیادہ بڑا مسئلہ نہ قرار دیتے ہوئے اسے ایک محدود نوعیت کا تنازع قرار دیا۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ان کے معاونین اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک تجویز پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹرمپ نے امریکی دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا اس وقت پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں ہتھیار تیار کررہا ہے۔ ان کے بقول ملک کے پاس اتنا عسکری سازوسامان موجود ہے جو شاید کبھی مکمل طور پر استعمال بھی نہ ہو سکے۔