تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی کے لیے ہفتہ وار ڈیلیوری سروس کا آغاز

ملک بھر میں شہریوں کو تیار پاسپورٹس کی سہولت کے ساتھ فراہمی یقینی بنانے کے لیے پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق ہفتہ کے دن تمام متعلقہ کاؤنٹرز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک شہریوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق یہ اضافی سہولت ابتدائی طور پر دو ماہ تک جاری رکھی جائے گی، جس کے دوران شہری معمول کے علاوہ ہفتہ کو بھی اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرسکیں گے۔

انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ تیار ہونے والے پاسپورٹس کو جلد وصول کرلیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفتری اوقات میں پاسپورٹ لینے میں مشکل پیش آنے والے افراد ہفتہ وار کاؤنٹرز کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔

ڈی جی پاسپورٹس نے مزید واضح کیا کہ چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس متعلقہ حکومتی پالیسی کے تحت تلف کیے جاسکتے ہیں۔