لیا سالونگا ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارہ حاصل کرنے والی پہلی فلپائنی فنکارہ بن گئیں

معروف فلپائنی اداکارہ اور گلوکارہ لیا سالونگا نے ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارہ حاصل کرکے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ اس مقام پر ستارہ پانے والی پہلی فلپائنی اداکارہ بن گئی ہیں۔

55 سالہ لیا سالونگا کو جمعہ کے روز ہالی ووڈ واک آف فیم میں 2,855واں ستارہ دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز لائیو پرفارمنس کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔

ہالی ووڈ چیمبر آف کامرس کی پروڈیوسر اینا مارٹینیز نے لیا سالونگا کی فنکارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تخلیقی اور منفرد فنکارہ ہیں، جنہوں نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

لیا سالونگا آئندہ ایک اینی میٹڈ فلم ’’فورگٹن آئی لینڈ‘‘ میں بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی، جہاں وہ مرکزی ولن کی آواز دیں گی۔ فلم کو 25 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔