سلمان خان بھتیجے ارہان خان کی پہلی فلم میں خصوصی کردار ادا کریں گے

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اپنے بھتیجے ارہان خان کی فلمی میدان میں پہلی پیشکش کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فلم میں خصوصی کردار ادا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کے بیٹے ارہان خان بطور ہدایتکار اپنے کیریئر کا آغاز ایک فلم سے کررہے ہیں، جس میں سلمان خان مختصر لیکن اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔

رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی اور بیشتر تفصیلات فی الحال منظرعام پر نہیں لائی گئیں، تاہم سلمان خان نے بھتیجے کی پہلی فلم کا حصہ بننے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ خصوصی کردار کی شوٹنگ کے لیے اداکار تقریباً 10 دن مختص کرسکتے ہیں۔

فلم کی پروڈکشن کی ذمہ داری اشون وردے کے پاس ہے، جو اس سے قبل ’’کبیر سنگھ‘‘، ’’او ایم جی 2‘‘، ’’کھیل کھیل میں‘‘ اور ’’دی ڈپلومیٹ‘‘ سمیت متعدد فلمیں پروڈیوس کرچکے ہیں۔

ارہان خان کی بطور ہدایتکار پہلی فلم اور اس میں سلمان خان کی شرکت کے باعث بالی ووڈ شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔