فلک سر پر 54 روز سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل، کوہ پیما کی میت برآمد

سوات کی وادی کالام میں واقع بلند چوٹی فلک سر پر 54 روز سے جاری مشکل ریسکیو کارروائی کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے کوہ پیما سید علی شاہ میاں کی میت تقریباً 5 ہزار 200 میٹر کی بلندی سے برآمد کرلی۔

سید علی شاہ میاں 11 جولائی کو فلک سر کی چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ کئی روز تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد ان کی میت بلند پہاڑی مقام سے مل گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے شدید سردی اور نامساعد موسمی حالات کے باوجود کارروائی جاری رکھی اور میت کو بیس کیمپ تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔

حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث فی الحال ہیلی کاپٹر کے ذریعے میت کو منتقل کرنا ممکن نہیں۔ اس صورتحال میں ریسکیو ٹیم زمینی راستے سے میت کو کالام لانے کی کوشش کررہی ہے۔