7 ستمبر سے نادرا مراکز پر ای پاسپورٹ کی سہولت دستیاب ہوگی

ای پاسپورٹ بنوانے کے خواہش مند شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 7 ستمبر سے ملک بھر کے نادرا مراکز میں ای پاسپورٹ سے متعلق سہولت فراہم کرنے کا آغاز کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق کراچی سمیت پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز سے شہری اپنے موجودہ ای پاسپورٹس کی تجدید اور ری پرنٹ کراسکیں گے۔

تاہم نئے ای پاسپورٹ کے اجرا، پاسپورٹ میں تبدیلی اور نئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے حصول کی سہولت بدستور پاسپورٹ دفاتر میں ہی دستیاب رہے گی۔ نادرا مراکز میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹرز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا اور وہاں تعینات عملہ واپس پاسپورٹ محکمے کو منتقل کردیا جائے گا۔

نادرا مراکز پر ای پاسپورٹ کی سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔

جدید ای پاسپورٹ میں ایک الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں پاسپورٹ حامل کا بائیومیٹرک اور دیگر ذاتی معلومات محفوظ ہوں گی۔ یہ دستاویز بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے ادارے آئی سی اے او کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق تیار کی جائے گی۔

ای پاسپورٹ میں این ایف سی چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی خصوصیات بھی شامل ہوں گی۔ حکام کے مطابق ان جدید فیچرز سے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت اور تصدیق کا عمل زیادہ محفوظ اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔