حکومت کا درآمدی چینی برآمد کرنے کا فیصلہ، ٹی سی پی کا ٹینڈر جاری

حکومت نے ملک میں موجود درآمد شدہ چینی کو برآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP) نے ایک لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کی فروخت اور برآمد کے لیے ای ٹینڈر جاری کردیا۔

ٹی سی پی کے مطابق چینی کی برآمد کے لیے ای پی اے ڈی ایس کے ذریعے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ خواہش مند خریدار اپنی پیشکشیں 28 ستمبر 2026 کو صبح 11 بجے تک آن لائن جمع کراسکیں گے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق موصول ہونے والی تمام بولیاں بھی اسی روز کھولی جائیں گی، جبکہ ان کی آن لائن اوپننگ صبح 11:30 بجے مقرر کی گئی ہے۔

ٹی سی پی کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 107,739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کراچی کے پیپری گودام سے موجودہ حالت میں برآمد کی جائے گی۔

حکام کے مطابق درآمدی چینی کی برآمد کا فیصلہ ملک میں موجود چینی کے ذخیرے اور مارکیٹ کی مجموعی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔