سرفراز بگٹی سے نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر کی ملاقات

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری سمیت انسداد دہشت گردی کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ نیکٹا اور صوبائی حکومت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے سے متعلق تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دہشت گردی کے سدباب کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں میجر جنرل فیصل نصیر کی خدمات اور کردار کو سراہا اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔