صدر آصف علی زرداری کا فرانس کا دو روزہ دورہ منسوخ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے برطانیہ کے دورے کے بعد شیڈول اپنا دو روزہ دورہ فرانس منسوخ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر زرداری کو برطانیہ کے دورے کے بعد فرانس روانہ ہونا تھا، تاہم اب یہ پروگرام ختم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری 8 ستمبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔
صدر کے دورہ فرانس کی منسوخی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل لندن میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ملک میں اس وقت نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق سیاسی بحث جاری ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے ایک نئے انتظامی ماڈل کی تیاری بھی تیز کردی ہے، جس کا مجوزہ مسودہ اعلیٰ سطحی خصوصی کمیٹی نے وزیراعظم کو پیش کیا ہے۔
مجوزہ انتظامی ماڈل میں اسلام آباد کے لیے 27 رکنی اسمبلی بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ دارالحکومت کے لیے الگ اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکموں کی تجویز شامل ہے۔
ڈرافٹ کے مطابق اسمبلی کی 21 نشستیں براہ راست انتخابات کے ذریعے پُر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے لیے 5 اور اقلیتوں کے لیے ایک مخصوص نشست رکھنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔