یومِ فضائیہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت

یومِ فضائیہ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ افسران اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو بھی سراہا۔

صدر آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فضائی محاذ پر فورس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور برتری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق میں بھی پاک فضائیہ نے اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا، جو مؤثر منصوبہ بندی، مضبوط قیادت اور بہترین تیاری کا نتیجہ ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے محدود وسائل اور کم تعداد کے باوجود مقابلے کا جذبہ برقرار رکھا۔ ان کے مطابق مخالف قوت چاہے کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، پاکستانی قوم کا عزم اور حوصلہ کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے شجاعت، پیشہ ورانہ تربیت اور قربانیوں کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا اور ان کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا اور دیگر مسلح سروسز کے ساتھ مثالی باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا۔

شہباز شریف کے مطابق جرأت مندانہ قیادت، غیر معمولی جنگی مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی پاک فضائیہ کی کامیابیوں کی نمایاں خصوصیات ہیں، جبکہ اس کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے حوصلے اور فخر کا ذریعہ رہیں گی۔