ایران میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنائے جانے کی تحقیقات، پینٹاگون متحرک
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران میں ایک شادی کی تقریب پر ہونے والے فضائی حملے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی یکم ستمبر کو کی گئی تھی، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہا ہے کہ آیا فضائی دفاع سے متعلق کوئی میزائل یا ملبہ حملے کے دوران گرا تھا یا نہیں۔ حکام دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں اور اس امکان کو بھی دیکھا جارہا ہے کہ امریکی بم اپنے مقررہ ہدف سے ہٹ کر شادی کی تقریب کے مقام سے جا ٹکرایا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے ایک مواصلاتی مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے 6 بم گرائے، تاہم ان میں سے ایک ہدف پر نہیں لگا۔ مواصلاتی تنصیب کے خلاف کارروائی میں گلائیڈ میزائل استعمال کیے گئے جن میں تقریباً 500 پاؤنڈ وزنی وارہیڈ نصب تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر کی اس کارروائی کے نتیجے میں شادی کی تقریب میں موجود بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے۔ پینٹاگون کی جاری تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ حملے کے دوران اصل میں کیا ہوا اور شہریوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ کیا بنی۔