سہیل آفریدی کراچی پہنچیں گے، پی ٹی آئی کے مجوزہ روٹ سے متعلق پولیس کی ہدایات
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق اندرون سندھ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ قافلے کی صورت میں کراچی میں داخل ہوں گے اور ٹول پلازہ، سہراب گوٹھ، لیاقت آباد فلائی اوور، گرومندر، مزار قائد اور شاہراہ قائدین سمیت مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزار قائد کے اطراف کئی راستے کنٹینرز کے ذریعے بند کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فہیم خان کو بھی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے شاہراہ قائدین تک پہنچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کو کراچی میں سفر کے لیے سہراب گوٹھ، ملیر کینٹ، یونیورسٹی روڈ اور شاہراہ قائدین پر مشتمل متبادل روٹ تجویز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ قائدین پر جلسے کے انعقاد کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر اب تک اجازت نہیں دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ قائدین پر جلسہ، جلوس یا ریلی کی اجازت نہ ہونے کے مؤقف سے پارٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسہ منعقد کیا تو قانون کے مطابق کارروائی اور گرفتاریوں کا امکان موجود ہے۔