بپاشا باسو چھ سال بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ بپاشا باسو تقریباً چھ سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر اداکاری کے میدان میں واپسی کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بپاشا باسو نے ہدایت کار ہنسل مہتا کی نئی کرائم تھرلر سیریز ’’بارابنکی‘‘ میں مرکزی کردار کے لیے حامی بھرلی ہے اور ممبئی میں سیریز کی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ یہ طویل وقفے کے بعد ان کا اہم اسکرین پروجیکٹ قرار دیا جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیریز کی کہانی ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر آلوک لال کی کتاب The Barabanki Narcotics, Busting India’s Most Notorious Drug Cartel سے ماخوذ ہے۔

سیریز میں اترپردیش میں سرگرم ایک طاقتور افیون اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کیے گئے حقیقی آپریشن کو مرکزی موضوع بنایا گیا ہے، جس کا مقصد منشیات کے بڑے کاروباری گروہ کو ختم کرنا تھا۔

’’بارابنکی‘‘ میں حقیقی واقعات سے متاثرہ جرائم کی دنیا، پولیس کارروائی اور منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن کو ڈرامائی انداز میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔