اسلام پورہ فلیٹ میں لڑکی کی ہلاکت، تحقیقات جاری، مشتبہ شخص حراست میں

لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں فلیٹ سے تین روز قبل ملنے والی 25 سالہ لڑکی کی لاش کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا، تاہم پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق فلیٹ سے ارشمہ کی پھندے سے لٹکتی ہوئی لاش ملی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ارشمہ پیشے کے اعتبار سے بیوٹیشن تھی اور فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر تھی۔

واقعے کے بعد کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے مختلف شواہد اور نمونے حاصل کیے، جنہیں مزید تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور خودکشی سمیت تمام ممکنہ امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ارشمہ بیوٹی پارلر چلانے کے علاوہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بھی بناتی اور شیئر کرتی تھی۔

پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا ہے اور حکام کے مطابق اس کی ارشمہ کے فلیٹ میں آمد و رفت سے متعلق کچھ شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ اور واقعے کی نوعیت کا تعین ہوسکے گا۔