حماد اظہر کی بازیابی کے لیے والدہ کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی بازیابی کے لیے ان کی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست حماد اظہر کی والدہ کی جانب سے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حماد اظہر کو دو روز قبل ملتان سے حراست میں لیا گیا، تاہم اب تک انہیں کسی عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حماد اظہر کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ وکیل نے یہ بھی درخواست کی کہ متعلقہ حکام حماد اظہر کی گرفتاری کو قانون کے مطابق ظاہر کریں اور ان کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ حماد اظہر اس وقت حراست میں ہیں اور ان سے مقدمات کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج کیسز کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ حماد اظہر کو 48 مقدمات میں مطلوب قرار دیا گیا تھا، جن میں سے 17 کیسز میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جلد چالان تیار کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر طویل عرصے تک مقدمات کی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے اور مختلف کیسز میں ان کی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آسکی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری مقدمہ نمبر 96/23 میں ظاہر کیے جانے کا امکان ہے۔