سول اسپتال مٹھی میں 8 ماہ کے دوران 480 نومولود بچوں کی اموات کا انکشاف
تھرپارکر کے سول اسپتال مٹھی میں رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران نومولود بچوں کی اموات کی تشویشناک تعداد سامنے آئی ہے۔ اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق جنوری سے اگست 2026 تک 480 نومولود بچے جانبر نہ ہوسکے۔
اسپتال ریکارڈ کے مطابق اس عرصے میں آئی سی یو میں مجموعی طور پر 2 ہزار 273 نومولود بچوں کو علاج کے لیے داخل کیا گیا، جن میں سے 480 بچوں کی حالت بہتر نہ ہوسکی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کی اموات میں غذائی قلت، کم وزن کے ساتھ پیدائش اور مختلف طبی پیچیدگیاں اہم عوامل ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 70، فروری میں 39، مارچ میں 54، اپریل میں 47، جون میں 65، جولائی میں 69 جبکہ اگست میں 61 نومولود بچے جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال مئی میں سب سے زیادہ 365 نومولود بچوں کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ اسپتال کے ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ صحت میں بہتری آنے کے بعد 1 ہزار 387 بچوں کو ڈسچارج کیا گیا، جبکہ 106 نومولودوں کو مزید علاج کی غرض سے دوسرے طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
سول اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق 126 بچوں کو والدین طبی عملے کے مشورے کے برخلاف اسپتال سے لے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں غذائی قلت اور کم عمری کی شادیاں بچوں کے کم وزن اور غذائی مسائل کی اہم وجوہات میں شامل ہوسکتی ہیں۔
نومولود بچوں کی اموات اور دیگر طبی مسائل کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔