متحدہ عرب امارات میں غیرملکی کارکنوں کے لیے اہم خبر، بعض خلاف ورزیوں پر ایک سالہ ورک پرمٹ پابندی
متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے والے غیرملکی کارکنوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بعض مخصوص حالات میں ملازمت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں متاثرہ شخص کو ایک سال تک نیا ورک پرمٹ جاری نہ کرنے کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اقدام وفاقی فرمان قانون نمبر 33 برائے 2021 کے تحت کیا جاسکتا ہے، جس میں نجی شعبے کے ملازمین اور آجروں کے درمیان روزگار کے تعلقات سے متعلق قواعد بیان کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے غیرملکی ملازمین کے لیے ایسی تین ممکنہ صورتحال واضح کی ہیں جن میں 12 ماہ تک نیا ورک پرمٹ حاصل کرنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔
پروبیشن مدت کے دوران ملازمت چھوڑنا
اگر کوئی ملازم پروبیشن پیریڈ کے دوران ملازمت چھوڑ دیتا ہے تو بعض حالات میں اس پر ایک سال کی پابندی عائد ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے یہ دیکھا جائے گا کہ آیا آجر نے ملازمت کے معاہدے کے مطابق اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کی تھیں اور ملازم نے کوئی قابلِ قبول قانونی وجہ پیش کیے بغیر ملازمت ختم کی۔
بلا اجازت ملازمت سے غیرحاضری
کسی ملازم کا بغیر اجازت یا مناسب وجہ کے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنا بھی پابندی کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر آجر کی جانب سے ملازمت چھوڑنے سے متعلق رپورٹ درج کرائی جائے اور متعلقہ حکام اس کی تصدیق کردیں تو ملازم کو ایک سال تک نئے ورک پرمٹ سے محروم کیا جاسکتا ہے۔
جعلی کمپنی کے نام پر ورک پرمٹ
ایسا غیرملکی کارکن جس کے پاس ایسی کمپنی کا ورک پرمٹ ہو جو حقیقت میں موجود نہ ہو یا جعلی ادارہ ثابت ہوجائے، اور اسی بنیاد پر پرمٹ منسوخ کردیا جائے، وہ بھی ایک سالہ پابندی کی زد میں آسکتا ہے۔
ایک سال کی پابندی کا اثر
پابندی عائد ہونے کی صورت میں متعلقہ غیرملکی کارکن ایک سال کے دوران متحدہ عرب امارات کے نجی شعبے میں نئی ملازمت کے لیے ورک پرمٹ حاصل نہیں کرسکے گا۔
حکام کی ہدایات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ملازمت اختیار کرنے والے افراد، بالخصوص وہ کارکن جو نوکری تبدیل کرنے یا موجودہ ملازمت ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہیں اپنے ملازمت کے معاہدے، قانونی حقوق اور آجر کی حیثیت کو اچھی طرح جانچ لینا چاہیے۔
جعلی کمپنیوں سے محتاط رہیں
ملازمت کے خواہشمند غیرملکی افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی کمپنی میں ملازمت قبول کرنے سے پہلے اس ادارے کی حقیقت، قانونی حیثیت اور ورک پرمٹ سے متعلق تقاضوں کی تصدیق ضرور کریں تاکہ مستقبل میں قانونی یا روزگار سے متعلق مشکلات سے بچا جاسکے۔