بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کے چارجز یکساں کرنے کا نیپرا کا فیصلہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نیٹ ورک کے استعمال سے متعلق چارجز کو ملک بھر میں یکساں بنیاد پر نافذ کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔

نیپرا کے مطابق اوپن ایکسیس صارفین کے لیے یوز آف سسٹم چارجز (یو او ایس سی) کے تحت ویری ایبل گرڈ چارجز مختلف کیٹیگریز کے حساب سے مقرر کیے گئے ہیں۔

فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ بولی کے عمل میں شامل صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز 6.23 سے 19.62 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اس عمل سے باہر اوپن ایکسیس صارفین کے لیے اسٹرینڈڈ لاگت سمیت گرڈ چارجز 19.17 سے 32.56 روپے فی یونٹ تک ہوں گے۔

نیپرا نے ملک بھر میں 11 کے وی سطح پر 8.04 فیصد جبکہ 132 کے وی کے لیے 1.51 فیصد یکساں ترسیلی نقصان کی منظوری بھی دی ہے۔ فیصلے کے مطابق تمام فکسڈ گرڈ چارجز ایک روپے فی کلوواٹ ماہانہ کی شرح سے وصول کیے جائیں گے۔

ریگولیٹر کے مطابق مقررہ اضافی چارجز اوپن ایکسیس صارفین اور عام صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔

نیپرا نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے کا گزٹ نوٹیفکیشن 30 دن کے اندر جاری کیا جائے۔

اس کے علاوہ تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو آئندہ سال کے لیے یوز آف سسٹم چارجز سے متعلق اپنی درخواستیں فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔