یوز آف سسٹم چارجز کا تعین مسابقتی بجلی مارکیٹ کی جانب اہم قدم ہے، اویس لغاری
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیپرا کی جانب سے یوز آف سسٹم چارجز سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اویس لغاری کے مطابق یوز آف سسٹم چارجز کا تعین مسابقتی تجارتی بجلی مارکیٹ (CTBCM) کے حوالے سے آخری اہم ریگولیٹری مراحل میں سے ایک تھا، جس کی تکمیل کے بعد مارکیٹ کی نیلامی کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ پاکستان کے موجودہ روایتی واحد خریدار ماڈل میں تبدیلی لانے کی بنیاد فراہم کرے گی۔ اس نظام کے تحت اہل صنعتی صارفین کو پہلی مرتبہ اپنی پسند کے بجلی فراہم کنندگان سے براہِ راست بجلی خریدنے کا موقع مل سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتی صارفین دوطرفہ معاہدوں کے ذریعے بجلی حاصل کرسکیں گے، جبکہ اس نظام کے مثبت اثرات صرف صنعتی شعبے تک محدود نہیں رہیں گے۔ بجلی کی خرید و فروخت میں مسابقت سے پیداواری کارکردگی بہتر اور بجلی کی قیمتوں میں بہتری آنے کے امکانات ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق مسابقتی مارکیٹ ملک میں موجود پاور پلانٹس کے زیادہ مؤثر استعمال میں بھی مدد دے گی اور بجلی کی پیداوار سے لے کر ترسیل و خریداری تک موجود مختلف خامیوں کو کم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا نظام قابلِ تجدید توانائی اور بیٹری اسٹوریج کے منصوبوں کے لیے بھی زیادہ سازگار ماحول پیدا کرے گا، جبکہ مقامی اور نسبتاً کم لاگت توانائی کے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے امکانات بڑھیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ کے ذریعے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ملک کے توانائی وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔