اسلام آباد میں مبینہ غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، عملہ آلات سمیت فرار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں مبینہ غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کی، تاہم ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی وہاں موجود عملہ تمام کمپیوٹر سسٹمز اور دیگر آلات سمیت عمارت خالی کرکے فرار ہوچکا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ ٹیم جب مبینہ غیر قانونی کال سینٹر پہنچی تو عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں تھا اور تمام متعلقہ سامان بھی وہاں سے منتقل کیا جاچکا تھا۔
کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے کی فرانزک ٹیم نے قریبی عمارت میں قائم بلیو اسکائی فنانشل سروسز کے ڈیجیٹل آلات اور کمپیوٹر سسٹمز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
فرانزک معائنے کے بعد حکام کے مطابق بلیو اسکائی فنانشل سروسز کے خلاف کسی غیر قانونی سرگرمی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ این سی سی آئی اے نے کمپنی کے آپریشنز کو قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس ادارے کے خلاف کارروائی میں کوئی غیر قانونی سرگرمی ثابت نہیں ہوئی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ مبینہ کال سینٹر سے متعلق تحقیقات مزید شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھائی جائیں گی۔