اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت، نیا پلان نافذ

اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کے نئے انتظامات نافذ کردیئے گئے ہیں، جن کا اطلاق آج سے تاحکمِ ثانی برقرار رہے گا۔

ذرائع کے مطابق جیل کی حفاظت مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر مزید پولیس ناکے قائم کیے گئے ہیں۔ نئے ناکے داہگل، گیٹ نمبر ایک، گیٹ نمبر پانچ، فارما سوٹیکل فیکٹری اور گورکھپور کے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، چکری اور ٹھلیاں کے مقامات پر بھی پولیس چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل اور اس کے گرد و نواح میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے مجموعی طور پر 435 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ان انتظامات میں ضلعی پولیس کے ساتھ رائٹ مینجمنٹ، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے اہلکار بھی شامل ہوں گے۔

نئے پلان کے تحت داہگل سے گورکھپور تک واقع مختلف پٹرول پمپس، ہوٹلز، دکانوں اور کمروں کو بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جیل کے اطراف قائم مختلف ناکوں کے ذریعے آنے جانے والی سرگرمیوں کی نگرانی اور سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی ذمہ داری ایس پی صدر اور ڈی ایس پی صدر کے انچارج کو سونپی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نیا سیکیورٹی پلان آج سے تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گا۔