اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا، جس کے بعد آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کی براہِ راست نگرانی اور کمانڈ کرسکیں گے۔

محسن نقوی کے مطابق نئے مرکز سے اسلام آباد پولیس کے کمانڈ، مانیٹرنگ، باہمی رابطے اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں بہتری آئے گی۔ سیف سٹی اور پولیس کے دیگر اہم آپریشنل شعبوں کو ایک مرکزی پلیٹ فارم سے جوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگامی یا سیکیورٹی کی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں آئی جی اسلام آباد براہِ راست صورتحال کا جائزہ لے کر فوری ہدایات جاری کرسکیں گے۔ جدید مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے ذریعے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی نگرانی بھی زیادہ مؤثر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں نصب جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹمز کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی سے مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی نگرانی، ہنگامی ردعمل اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ نئے کمانڈ سینٹر کا مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی جگہ سے پوری پولیس فورس کی کمانڈ اور نگرانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق مرکزی نظام کے ذریعے پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات کی دستیابی، تیز فیصلہ سازی اور پولیس کی فوری کارروائی کو یقینی بنانے میں یہ نظام اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی نگرانی، احتساب اور فیلڈ کارکردگی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

محسن نقوی کے مطابق شہریوں کا تحفظ، پولیس کی استعداد اور کارکردگی میں اضافہ اور اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

تقریب کے موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام و افسران بھی موجود تھے۔