پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر سلمان اکرم راجہ کا حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

پاکستان تحریکِ انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول مہنگا کرکے حکومت نے پہلے ہی مشکلات سے دوچار عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ ان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے اضافہ عوام پر اضافی معاشی دباؤ کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے صرف سفری اخراجات ہی نہیں بلکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سامان کی ترسیل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا، جس کا براہِ راست اثر عام شہریوں پر پڑے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص معاشی حکمتِ عملی کا بوجھ مسلسل غریب اور متوسط طبقے کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔