شردھا کپور اور راہول مودی کی چھٹیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور کی اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر راہول مودی کے ساتھ چھٹیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شردھا کپور اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا اور مداحوں سے دور رکھتی ہیں اور ذاتی لمحات بہت کم سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ بیرون ملک چھٹیاں گزارنے گئیں، جہاں سے انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ تاہم ان تصاویر نے اس وقت زیادہ توجہ حاصل کی جب مداحوں کی نظر راہول مودی کی موجودگی پر پڑی۔

شردھا کپور کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں راہول مودی کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں کو ایک ساتھ کھانا کھاتے، کتابیں پڑھتے اور مختلف مقامات کی سیر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مختصر کیپشن بھی درج کیا، جس میں انہوں نے لکھا، ’’چھوٹی سی چھٹی تو بنتی ہے ناں‘‘۔

واضح رہے کہ شردھا کپور اور راہول مودی کے درمیان تعلقات کی خبریں پہلی مرتبہ 2024 میں سامنے آئی تھیں۔ راہول مودی اسکرین رائٹنگ اور فلم پروڈکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں۔