بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے بائیک فروخت کرنے نکلا نوجوان، 70 ہزار کے ای چالان سامنے آگئے

بھاری بھرکم بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے موٹرسائیکل فروخت کرنے والے نوجوان کو اس وقت ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا جب اس کے نام پر 70 ہزار روپے کے ای چالان سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان کو 26 ہزار روپے کا بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے اپنی موٹرسائیکل فروخت کرنے کی ضرورت پیش آئی، تاہم بائیک فروخت کرنے کے مرحلے پر معلوم ہوا کہ اس کے خلاف مجموعی طور پر 35 ای چالان درج ہیں۔

تمام چالان موٹرسائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کی خلاف ورزی پر کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 70 ہزار روپے بنتی ہے۔

حکام کے مطابق سدھار بائی پاس پر نصب جدید کیمروں کی مدد سے نوجوان کی ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد ہر خلاف ورزی پر ای چالان جاری کیا گیا۔

نوجوان نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کے خلاف عائد کیے گئے 70 ہزار روپے کے ای چالان معاف کیے جائیں، کیونکہ وہ پہلے ہی بجلی کا 26 ہزار روپے کا بل ادا کرنے کے لیے اپنی موٹرسائیکل فروخت کرنے پر مجبور ہے۔

یوں بجلی کے بھاری بل سے پریشان نوجوان کے لیے 70 ہزار روپے کے ای چالان ایک نئی مالی مشکل بن گئے ہیں۔