بڑھتی آبادی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج، خوراک اور پانی کی قلت کا خدشہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی کو مستقبل کے لیے ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے خوراک اور پانی کی دستیابی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ان کے مطابق آبادی بڑھنے کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے، جبکہ فی کس پانی کی دستیابی کے اعتبار سے پاکستان مسلسل مشکلات کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں زرعی شعبے کی بنیادی اہمیت ہے، تاہم یہ شعبہ مختلف مسائل کا شکار ہے اور اس کی استعداد بڑھانا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مطلوبہ وسائل میسر نہیں، جبکہ صوبوں کو دستیاب وسائل صوابدیدی بنیادوں پر فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں زرعی رقبے کو تیزی سے شہری آبادی میں تبدیل کیا جارہا ہے، جو مستقبل میں سنگین مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شہروں کی توسیع اور تعمیرات کو مؤثر ضابطوں کے تحت نہ لایا گیا تو آنے والے برسوں میں صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے۔

احسن اقبال نے زیرزمین پانی کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا بے دریغ انخلا ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ زیرزمین پانی کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے یعنی ریچارج کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں۔