ٹرمپ کی ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی ہے کہ اگر نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ریپبلکن پارٹی کانگریس میں اپنا کنٹرول برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر دیے جائیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کے کنونشن سے خطاب کے دوران اس مجوزہ رقم کو ’’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘‘ کا نام دیا۔ تاہم اس منصوبے کے تحت رقم کی ادائیگی کس طریقہ کار سے ہوگی اور آیا موجودہ قوانین کے تحت ایسا کرنا ممکن ہے یا نہیں، اس حوالے سے کوئی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ٹرمپ نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز انتخابی عمل میں اس انداز سے حصہ لیں جیسے وہ خود بیلٹ پر موجود ہوں۔
اپنے خطاب میں امریکی صدر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا بھی دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنا تھا۔ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
دوسری جانب نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو کانگریس کے کم از کم ایک ایوان کا کنٹرول کھونے کا خدشہ بھی درپیش ہے۔ مختلف رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹک ووٹرز انتخابی عمل کے حوالے سے ریپبلکن ووٹرز کے مقابلے میں زیادہ پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔