بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں عمومی رعایت
بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد میں عمومی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کے لیے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 43 سال مقرر کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایسے سرکاری ملازمین جنہوں نے مسلسل دو سال کی سرکاری سروس مکمل کرلی ہو، ان کے لیے عمر کی بالائی حد 50 سال ہوگی۔
تاہم جن سرکاری آسامیوں کے لیے مقررہ زیادہ سے زیادہ عمر پہلے ہی 43 سال سے کم ہے، ان پر یہ عمومی رعایت نافذ نہیں ہوگی۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق عمر کی مقررہ حد میں اس کے علاوہ کسی مزید رعایت کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت کی جانب سے دی گئی عمر کی نئی رعایت نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین سال تک مؤثر رہے گی۔