چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، وزیراعظم کا محمود اچکزئی کے خط کا جواب
چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ارسال کیا گیا جوابی خط محمود اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے۔ خط میں الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
محمود اچکزئی نے گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کو اس معاملے پر خط ارسال کیا تھا۔ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی سے حکومتی نمائندوں رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران حکومتی وفد نے وزیراعظم کی جانب سے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
محمود اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے۔