عبدالعلیم خان کی ناروے کے بادشاہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اوسلو میں ناروے کے نئے بادشاہ کنگ ہاکون ہشتم سے ملاقات کی اور شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

عبدالعلیم خان نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام ناروے کے شاہی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے ناروے کا دورہ کرکے تعزیت پیش کی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے تعلقات طویل عرصے سے دوستی، باہمی احترام اور تعاون پر قائم ہیں۔

وفاقی وزیر نے ناروے کے وزیر خزانہ اور نیٹو کے سابق سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ناروے کی وزیر ثقافت لبنیٰ جعفری، عالمی ترقی کے وزیر آسمند اوکرست، سیکرٹری آف اسٹیٹ اینڈریزموتزفیلٹ کراوک اور اوسلو کی میئر اینی لنڈبو سے بھی ملاقاتیں کیں۔

عبدالعلیم خان نے اوسلو میں ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔