سعودی عرب کا حوثیوں کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی پر غور

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب حوثیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے۔

اے بی سی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاض ضرورت پڑنے پر حوثیوں کے خلاف خود بھی فوجی کارروائی کرسکتا ہے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کسی حتمی فیصلے کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سعودی عرب کو انٹیلی جنس اور ممکنہ اہداف کی نشاندہی کے حوالے سے معاونت فراہم کررہی ہے۔ تاہم امریکا فی الحال حوثیوں کے خلاف براہِ راست فوجی حملوں میں شریک ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بحیرہ احمر میں بحری جہازوں یا بین الاقوامی بحری راستوں کو کسی سنگین خطرے کی صورت میں امریکا ممکنہ طور پر کارروائی میں شامل ہوسکتا ہے۔