ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کا آخری اسپیل، 17 ستمبر تک بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہواؤں کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں آج سے 17 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے مون سون کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور میں شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ بالائی علاقوں، آزاد کشمیر، مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ رات تیز ہواؤں کے باعث مختلف مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔ مارگلہ روڈ اور فیصل ایونیو سمیت بعض علاقوں میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ تیز ہواؤں کے باعث اسپورٹس کمپلیکس میں جاری کنسرٹ کا اسٹیج بھی گر گیا۔

دوسری جانب پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی، جبکہ اسلام آباد میں صبح سویرے آسمان پر گہرے بادل چھا گئے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔