ستمبر27 کے مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے 106 کارکنان نظر بند
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو ہونے والے مارچ کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں تحریک انصاف کے 100 سے زائد کارکنان کو نظر بند کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
جیو نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نظر بند کیے گئے پی ٹی آئی کارکنان کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارکنان کی نظربندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کے خلاف نظربندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے مختلف اضلاع سے مجموعی طور پر 106 پی ٹی آئی کارکنان کو نظر بند کیا گیا ہے۔ ان میں راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 کارکنان شامل ہیں۔
یہ کارروائی پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو اعلان کردہ مارچ کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔