ٹرمپ کا نائن الیون سے متعلق مزید ریکارڈ جاری کرنے کے معاملے کا جائزہ لینے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نائن الیون حملوں سے متعلق مزید ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کے معاملے کا جائزہ لیں گے۔
آئرلینڈ سے امریکا روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 11 ستمبر کے دہشتگرد حملوں سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کے مطالبے پر غور کیا جائے گا۔ نائن الیون حملوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کی جانب سے بھی مزید ریکارڈ جاری کرنے کا مطالبہ سامنے آتا رہا ہے۔
امریکی صدر نے دفاعی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے ہتھیاروں کے ذخائر کو تیزی سے دوبارہ بھر رہا ہے۔ ان کے مطابق پیٹریاٹ میزائل بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں تیار کیے جارہے ہیں اور امریکا کے پاس اس وقت ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ وسط مدتی انتخابات کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکن پارٹی ہی کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے 2028 کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر جے ڈی وینس کی ممکنہ شرکت سے متعلق سوال پر کہا کہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جے ڈی وینس بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ریپبلکن پارٹی کے پاس کئی اچھے امیدوار موجود ہیں۔
ٹرمپ نے ڈیموکریٹس اور سابق صدر جو بائیڈن پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے دور میں امریکی عوام کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا۔