مون سون کے بعد ڈینگی کا خطرہ بڑھ گیا، اسلام آباد میں 7 ہزار سے زائد ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی

مون سون کی بارشوں کے اختتام کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں ضلعی محکمہ صحت نے 7 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی ہے۔

اسلام آباد میں پمز اسپتال کے زچہ و بچہ اور چلڈرن اسپتال کے قریب کچرے کے ڈھیروں میں پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی مچھروں کی افزائش کا خطرہ بھی سامنے آیا ہے۔ موقع پر موجود پرانے ٹائرز، ڈرمز اور پانی سے بھری بالٹیوں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پمز کے زچہ و بچہ اسپتال اور بچوں کے اسپتال کے سامنے مختلف مقامات پر جمع پانی مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہا ہے۔ پرانے ٹائرز اور دیگر اشیا میں موجود پانی میں لاروا بھی دیکھا گیا ہے، جس سے اسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے اہلخانہ کے لیے ڈینگی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اسپتال کے دونوں شعبوں کے قریب صفائی کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ڈینگی کے موسم میں مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے پانی کے جمع ہونے والے مقامات کی بروقت صفائی، لاروا تلف کرنے اور اسپرے سمیت احتیاطی اقدامات ضروری قرار دیے جاتے ہیں۔

تاہم پمز انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ان مقامات پر مؤثر صفائی اور ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔