امیتابھ بچن نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی تردید کردی

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اداکاری یا ٹیلی ویژن سے دور ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔

83 سالہ اداکار نے اپنے بلاگ پر ایک اخباری تراشہ شیئر کیا، جس میں ان کے ریٹائر ہونے کی خبر شائع کی گئی تھی۔ امیتابھ بچن نے واضح کیا کہ یہ خبر ان کے ایک سابقہ بیان کے غلط مفہوم کی بنیاد پر سامنے آئی۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بلاگ میں یہ جملہ لکھا تھا کہ ’’دیر ہو گئی ہے، ریٹائر ہونے کا وقت آ گیا ہے‘‘، تاہم ان کی مراد مستقل طور پر کام چھوڑنا نہیں تھی۔

امیتابھ بچن کے مطابق وہ دراصل دن بھر کی مصروفیات مکمل ہونے اور آرام کا وقت آنے کی بات کررہے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہاں ’’ریٹائر‘‘ کا مطلب کام ختم کرکے آرام یا سونے کے لیے جانا تھا۔

اداکار نے اپنے مخصوص انداز میں ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اب بھی اپنے پیشہ ورانہ کام میں سرگرم ہیں۔

امیتابھ بچن اس وقت معروف ٹیلی ویژن گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام پہلی مرتبہ 2000ء میں نشر ہوا تھا۔