دیشا سالیان کیس میں سی بی آئی کی ایف آئی آر، متعدد اہم شخصیات کے نام شامل
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر دیشا سالیان کی 2020 میں ہونے والی موت کے معاملے میں مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ یہ پیش رفت بمبئی ہائیکورٹ کی ہدایت کے بعد سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر میں قتل، اجتماعی زیادتی، مجرمانہ سازش، شواہد کو مبینہ طور پر چھپانے یا ضائع کرنے اور غلط معلومات فراہم کرنے سے متعلق الزامات کی تحقیقات شامل ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں کسی فرد کو حتمی طور پر ملزم قرار نہیں دیا گیا بلکہ متعدد افراد کے کردار کی چھان بین کی جائے گی۔
ایف آئی آر میں شیوسینا (یو بی ٹی) رہنما آدتیہ ٹھاکرے، اداکارہ ریا چکرورتی، اداکار ڈینو موریا، سورج پنچولی اور روہن رائے سمیت دیگر افراد کے نام درج ہیں۔ سابق مہاراشٹر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے، سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ، سابق ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ، سابق پولیس افسر سچن وازے اور دیگر پولیس و سرکاری اہلکاروں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر میں اس امکان کی بھی تحقیقات شامل ہیں کہ دیشا سالیان کی موت کو مبینہ طور پر خودکشی کا واقعہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی اور شواہد یا سرکاری ریکارڈ میں مبینہ طور پر ردوبدل کیا گیا۔ پولیس افسران، فرانزک ماہرین، پوسٹ مارٹم سے وابستہ ڈاکٹروں، عمارت کے سیکیورٹی عملے اور سابق تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کا بھی تفتیش کے دوران جائزہ لیا جائے گا۔
دیشا سالیان کے والد ستیش سالیان کی جانب سے فراہم کردہ بیان اور ان کے وکیل کے مؤقف میں بھی قتل اور اجتماعی زیادتی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ الزامات تاحال تحقیقات کا حصہ ہیں اور ان کی عدالتی طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
دیشا سالیان 8 جون 2020 کو ممبئی میں ایک رہائشی عمارت سے گرنے کے بعد ہلاک ہوئی تھیں۔ ابتدائی طور پر ان کی موت کو حادثاتی موت کی رپورٹ کے طور پر درج کیا گیا تھا۔ چند دن بعد سوشانت سنگھ راجپوت بھی ممبئی میں مردہ پائے گئے، جس کے بعد دونوں واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
بمبئی ہائیکورٹ نے رواں ماہ سی بی آئی کو دیشا سالیان کی موت سے متعلق تمام پہلوؤں کی تحقیقات اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد کیس میں نئی تفتیشی کارروائی شروع ہوئی ہے۔