ایرانی ایئرلائن کے طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، مسافر خوفزدہ

ایرانی ایئرلائن کے ایک مسافر طیارے کو ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کے باعث دوبارہ ایئرپورٹ واپس آنا پڑا، جس دوران طیارے میں شدید جھٹکے محسوس ہونے پر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مشہد سے کرمانشاہ جانے والی بوئنگ 737 پرواز کے ساتھ پیش آیا۔ طیارے نے اڑان بھرنے کے فوراً بعد واپسی کا رخ کیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دورانِ پرواز طیارے کے مرکزی لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر پھٹ کر الگ ہوگیا، جس کے باعث مسافروں نے جہاز میں شدید جھٹکے محسوس کیے۔

میڈیا کے مطابق اسی دوران انجن سے متعلق تکنیکی مسائل بھی سامنے آئے، جس کے بعد مسافروں میں تشویش اور خوف کی کیفیت پیدا ہوگئی۔

صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے طیارے کے عملے نے مشہد ایئرپورٹ واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ عملے کی کارروائی کے نتیجے میں طیارے کو بحفاظت واپس اتار لیا گیا اور واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔