سوڈان میں سونے کی کان منہدم، 60 افراد ہلاک

افریقی ملک سوڈان میں سونے کی ایک کان اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق حادثہ 14 ستمبر کو سوڈان کے مغربی کردفان خطے کے قصبے النہود میں پیش آیا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کان کے منہدم ہونے کے بعد اب تک 60 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جبکہ ملبے میں دبے دیگر افراد کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے دو افراد کے مطابق کان میں مزید کئی افراد موجود تھے جو تاحال لاپتا ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان میں سے بعض افراد ملبے تلے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سوڈان افریقہ کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں سونے کی بڑی مقدار نکالی جاتی ہے، تاہم ملک میں کان کنی کے کئی مقامات پر حفاظتی انتظامات ناکافی ہونے کے باعث مزدوروں کو خطرناک حالات میں کام کرنا پڑتا ہے۔

ذرائع کے مطابق سوڈان سے حاصل ہونے والے سونے کا ایک بڑا حصہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

حکام کی جانب سے ملبے سے لاشیں نکالنے اور ممکنہ طور پر زندہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے، جبکہ حادثے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔